حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد ایران کی درخواست پر منعقد ہونے والے او آئی سی کی مجلس عاملہ کے ہنگامی اجلاس میں پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے شرکت کا اعلان کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کی وزارت خارجہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا ہے کہ پاکستان کے نائب وزیر اعظم سینیٹر اسحاق ڈار ایران کی درخواست پر ہونے والے او آئی سی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اس حوالے سے پاکستانی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسحاق ڈار او آئی سی کی مجلس عاملہ کے ہنگامی اجلاس میں شرکت اور مشرق وسطی کے حالات نیز غزہ کی صورتحال اور صہیونی جارحیت سمیت غزہ کے حالات اور غاصب اسرائيلی حکومت کے مظالم کے بارے میں پاکستان حکومت کا موقف بیان کریں گے۔
یاد رہے کہ کچھ دن پہلے پاکستان کے وزیر خارجہ نے اپنے ایرانی ہم منصب سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہا تھا کہ اسلام آباد شہید اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا غیر معمولی اجلاس منعقد کرنے کی تہران کی درخواست کی نہ صرف حمایت کرتا ہے بلکہ پاکستانی وفد اس اجلاس میں بڑھ چڑھ کر حصہ بھی لے گا۔